تاریخ جمعیۃ علماء سنتھال پرگنہ
جمعیۃ علماء ہند نے جب صد سالہ تقریب(منعقدہ ۲۲؍ تا ۲۴؍ فروری ۲۰۱۹ء) منانے کا فیصلہ کیا، تو ناچیز کے ذہن میں یہ بات آئی کہ کیوں نہ ضلعی و ریاستی سطح پر جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ مرتب کی جائے، چنانچہ ا س بات کا تذکرہ کئی ریاستوں اور اضلاع کے ذمہ داران جمعیۃ سے کیا اور مرکزی ذمہ داران سے اس سلسلے میں صلاح و مشورہ کرکے کوئی مناسب فیصلہ لینے کی درخواست کی۔ اور ادھر دوسری طرف اپنے ضلع کی تاریخ مرتب کرنے کی فکر بھی شروع کردی۔ لیکن جب قلم اٹھایا تو چاروں طرف اندھیرا ہی اندھیرا نظر آیا، بالآخر جمعیۃ علمائسنتھال پرگنہکے بے لوث و فعال خادم جناب ماسٹرمحمد شمس الضحیٰ صاحب کی خدمت میں حاضر ہوکر اپنی اس فکر کا اظہار کیا، ماسٹر صاحب بہت خوش ہوئے ۔ اور جب راقم نے ان سے تعاون کی درخواست کی، تو ان کے پاس جتنا کچھ تھا سب حوالے کرنے کا عندیہ دیا اور مزید تلاش و جستجو کرنے کا بھی وعدہ کیا، چنانچہ چار مہینے کی مسلسل جدوجہد کے بعد بہت سارے قیمتی اور نایاب دستاویزات راقم کو حوالے کیے، جنھیں مرتب و مدون کرکے آپ کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے۔
یہ جمعیۃ علماء سنتھال پرگنہ کی تاریخ پر ابتدائی کوشش ہے، اس لیے ممکن ہے کہ تحقیق میں کمی رہ گئی ہو ، اس لیے اگر کسی صاحب کے پاس کچھ قیمتی اور مستند معلومات یا دستاویز ہو، تو راقم کو عنایت فرمائیں تاکہ اسے شامل کیا جاسکے اور آپ عند اللہ ماجور ہوں۔
یہ کوشش کہاں تک کامیاب رہی ہے، اس کا فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے، البتہ کو شش کے پائے تکمیل پر پہنچنے پر بارگاہ الٰہی میں امتنان و تشکر کی سوغات پیش کرتا ہوں اور دعا گو دعا جو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی تاریخ کو پڑھنے اور اس سے سبق لینے کی توفیق ارزانی کرے اور اس کی روشنی میں مستقبل کے لائحہ عمل طے کرنے میں ممدو معاون ثابت ہو، اللہم آمین یا رب۔
محمد یاسین قاسمی جہازی
جمعیۃ علماء ہند
۱۵؍ مئی ۲۰۱۸ء بروز منگل صبح ۸؍ بجے
یہ کتاب آپ مولانا نور الہدیٰ صاحب قاسمی موبائل نمبر 9546787188 اور 9504410009 پر رابطہ حاصل کرکے خرید سکتے ہیں۔
اس کا ناشر مدرسہ اسلامیہ کھٹنئی ضلع گڈا جھارکھنڈ پن 814133 ہے ۔ اس ایڈریس پر خط بھیج کر بھی کتاب منگوا سکتے ہیں۔